نئی دہلی، 5/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی میں عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نریش بالیان کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ کے روز راؤز ایوینیو کورٹ نے انہیں جبری وصولی کے کیس میں ضمانت فراہم کی، لیکن اس کے فوراً بعد پولیس نے انہیں مکوکا کیس کے تحت دوبارہ گرفتار کر لیا۔
دہلی کے اتم نگر سے ایم ایل اے نریش بالیان کو منگل کی رات دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے گرفتار کیا تھا۔ انہيں ابتدائی طور پر پولیس نے ایک سال پرانے مبینہ جبرا وصولی کے مقدمے میں حراست میں لیا تھا، لیکن بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نریش بالیان اور گینگسٹر کپل سنگوان عرف نندو کے مبینہ وائرل آڈیو کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ایسے میں ایم ایل اے جیل سے باہر نہیں آسکتے تھے۔ اب اس سلسلے میں عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں میں ناراضگی ہے اور وہ مسلسل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
عآپ کے رہنما منیش سسودیا نے مکوکا کے تحت نریش بالیان کی گرفتاری پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا، “پی ایم ایل اے -مکوکا جیسے ہتھیار ان کی دائیں اور بائیں جیب میں رکھے ہوئے ہیں۔ جب بھی کسی لیڈر کو جھوٹے مقدمے میں پھنسانا ہوتا ہے تو یہ لوگ اس کی لاٹری کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔ جو کچھ بھی جیب سے نکلتی ہیں، وہی دفعہ اپنے مخالف لیڈر کے خلاف لگا دیتے ہیں۔